توہین عدالت کیس، سپریم کورٹ نے عامرلیاقت پر فردجرم عائدکردی

اسلام آباد : توہین عدالت کیس میں رکن قومی اسمبلی پی ٹی آئی عامر لیاقت پر فرد جرم عائد کردی گئی، جس کے بعد عامر لیاقت نے عدالت سے ایک مرتبہ پھر غیرمشروط معافی مانگی۔
عامرلیاقت کےخلاف توہین عدالت کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں ہوئی۔
سماعت کے دوران عامر لیاقت پر آرٹیکل(3) 204 کے تحت فرد جرم عائد کی گئی تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کیا۔
اس موقع پر عامر لیاقت نے عدالت عظمیٰ سے غیرمشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میں خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں۔
جسٹس اعجاز الا حسن نے ریمارکس دیئے کہ معافی کا وقت گزر چکا ہے،آج فرد جرم کے لیے تاریخ رکھی گئی تھی۔
عدالت عظمیٰ نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ عامر لیاقت نے 6 مارچ 2017 کے عدالتی حکم نامے کی خلاف ورزی کی ہے، جو توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے۔