امریکا کی ڈاکٹر عافیہ کےحوالےسے پاکستانی درخواست پرغورکرنےکی یقین دہانی

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ امریکی حکام نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے حوالے سے پاکستانی درخواست پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اطلاعات کے مطابق دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق امریکی نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز کے ساتھ ملاقات میںڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھایا گیااس موقع پر امریکی حکام نے پاکستان کی درخواست پر غور کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل کی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے باقاعدہ ملاقات بھی ہوتی ہے، ملاقات کا مقصد ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا کوئی پیغام ہو تو وہ ان کے خاندان تک پہنچایا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جلد ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن سے بھی اسلام آباد میں ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی جیل میں قید عافیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ماضی میں میری بہت حمایت کی لہٰذا عمران خان میری رہائی میں مدد کریں۔

انہوں نے خط میں لکھا تھا کہ ‘میں قید سے باہر نکلنا چاہتی ہوں، امریکا میں میری سزا غیر قانونی ہے کیوں کہ مجھے اغواکر کے امریکا لایا گیا تھا۔

عافیہ صدیقی نے خط میں کہا کہ عمران خان ہمیشہ سے میرے ہیرو رہے ہیں، عمران خان کو اپنے اردگرد موجود منافقین سے محتاط رہنا چاہیے۔

عافیہ صدیقی نے وزیر اعظم عمران خان کے مخالفین کو کہا کہ عمران خان پر تنقید کرنے والوں کو اپنی تنقید بند کر دینی چاہیے، انہوں نے ماضی میں غلطیاں کیں مگر اب وہ ویسے نہیں رہے اور اسلامی قوانین میں غلطیوں پر توبہ کرنے والے کی غلطیاں معاف کر دی جاتی ہیں۔