سعودی عرب میں سگریٹ نوشی کیخلاف نیا قانون نافذ

ریاض: سعودی حکومت نے عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کرنے والوں پر200 ریال جرمانہ کرنے کا اعلان کردیا۔
سعودی ذرائع ابلاغ نے محکمہ صحت کے حوالے سے بتایا کہ مساجد کے اطراف، وزارتوں، سرکاری فیکٹریوں، سرکاری اداروں، اتھارٹیز، تعلیمی اداروں، صحت، ثقافتی، سماجی، فلاحی و کھیل کود کے اداروں اور دیگر عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ایسے تمام مقامات جن کا ذکر مذکورہ فہرست میں نہیں آیا وہ بھی سگریٹ نوشی کے حوالے سے ممنوع مقامات کا حصہ ہوں گے۔
ادارے کی جانب سے سگریٹ نوشی کیلئے چند مقامات مخصوص کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ ایسے مقامات پر 18 برس سے کم عمر افراد کو سگریٹ نوشی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔جو شخص بھی خلاف قانون سگریٹ استعمال کرے گا اس پر 200 ریال جرمانہ کیا جائے گا۔