سگریٹ پینے والے ہوشیار، تمباکو مصنوعات پر گناہ ٹیکس لگے گا

اسلام آباد:سگریٹ پینے والے اب ہوجائیں تیار کیوں کہ اب پاکستان میں تمباکو مصنوعات پر گناہ ٹیکس لگے گا۔
وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز عامر محمود کیانی نے ایک سیمینار کے دوران خطاب میں سگریٹ نوشی کرنے والے افراد کو خبردار کیا ہے کہ حکومت سگریٹ اور دیگر تمباکو مصنوعات پر گناہ ٹیکس عائد کرے گی۔
سمینار سے خطاب میں عامر کیانی نے کہا کہ ہم تمباکو اور سگریٹ پر گناہ ٹیکس لگانے کا بل پیش کرنے جارہے ہیں۔ عامر کیانی نے مزید کہا کہ حکومت ہر شہری کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں تمباکو مصنوعات کی تشہیر پر پابندی ہے جبکہ ہر سال بجٹ میں سگریٹس پر ٹیکس بھی عائد کیا جاتا ہے جس کا مقصد اس عمل کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
فلپائن میں بھی تمباکو مصنوعات پر گناہ ٹیکس عائد ہے۔ 2017 میں عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ فلپائن میں عائد گناہ ٹیکس تمباکو مصنوعات کیخلاف اقدامات کے حوالے سے مؤثر ترین اقدامات میں سے ایک ہے جس سے نہ صرف حکومت کی آمدنی میں اضافہ ہوا بلکہ تمباکو نوشی کرنے والے افراد کی تعداد بھی کم ہوئی۔