ٹرینوں کے کرایوں میں 10 سے 19 فیصد تک اضافہ

لاہور:پاکستان ریلوے نے ٹرینوں کے کرایوں میں 10 سے 19 فیصد تک اضافہ کر دیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے کا اطلاق 7 دسمبر سے ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت ریلوے نے ٹرینوں کے کرایوں میں 10 سے 19 فیصد تک اضافہ کر دیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے کا اطلاق 7 دسمبر سے ہو گا۔ نوٹیفکیشن کے بعد گرین لائن کا کراچی سے اسلام آباد تک کا کرایہ 540 روپے اضافے سے 5880 روپے ہو گیا ہے۔
کراچی ایکسپریس، بزنس ایکسپریس، شالیمار اور شاہ حسین ایکسپریس کے کرایوں میں 12 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ پاکستان ریلوے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق خیبر میل، عوام ایکسپریس اور علامہ اقبال ایکسپریس کے کرایوں میں 13 فیصد جب کہ تیزگام کی تمام کلاسوں کے کرائے میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ پاکستان ایکسپریس کے کرایوں میں 19 فیصد اور سکھر ایکسپریس کی تمام کلاسوں کے کرائے میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا۔