چینی تاجر سے30لاکھ لوٹنے والے گارڈزحیدرآباد سے پکڑے گئے

چینی شہری سے30لاکھ لوٹنے والے گارڈزحیدرآباد سے پکڑے گئے،کراچی ڈیفنس میں بنگلے پرتعینات ملزمان مالک کو چھری کے وار سے زخمی کرکے فرار ہو گئے تھے۔

ڈیفنس میں بنگلے پر تعینات نجی سیکیورٹی کمپنی کے 2گارڈز نے چینی شہری کو زخمی کرکے 30 لاکھ روپے لوٹ لیے، پولیس نےدونوں ملزمان کو چند گھنٹے میں گرفتار کر کے اسلحہ، رقم اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق درخشاں کے علاقے ڈیفنس فیز 6 خیابان راحت اسٹریٹ 19بنگلہ نمبر 120 پر تعینات 2 سیکورٹی گارڈز نے جمعرات و جمعے کی شب بنگلے کے مالک چینی شہری شی سے 30لاکھ روپے لوٹنے کے بعد مزاحمت پر چھری مار کر زخمی کردیا اور فرار ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے زخمی چینی شہری کو نجی اسپتال منتقل کیا ،جہاں طبی امداد کے بعد ان کا بیان لیا گیا، جس میں انہوں نے واقعے کی تفصیل بتائی۔

ایس پی کلفٹن سہائی عزیز نے بتایا کہ ڈی آئی جی کی ہدایت پر خصوصی ٹیم بنائی گئی،جس نے واردات کے چند گھنٹے بعد ہی کراچی سے فرار ہونیوالے عبدالفتاح و عبدالغفار کو جامشورو ٹول پلازہ کے قریب گرفتار کر کےان سے لوٹے گئے30 لاکھ روپے، مدعی کا موبائل فون، چھری اور ایک پستول برآمد کرلیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان چینی تاجرکے بنگلے پر ڈیوٹی کرتے تھے۔ آئی جی ڈاکٹر کلیم امام نے چینی تاجر کولوٹ کر زخمی کرنیوالے 2 ملزمان کی گرفتاری اور اس حوالے سے مشترکہ اقدامات کو سراہتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ، ڈی آئی جی حیدرآباد اور انکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.