اکرام سہگل کے الیکٹرک کے نئے چیئرمین مقرر

پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت اکرام سہگل کو کراچی الیکٹر سپلائی کمپنی( کے الیکٹرک) کا چیئرمین مقرر کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اکرام سہگل کی تقرری کی منظوری دی۔وہ طیب خان کی جگہ چیئرمین کے الیکٹرک کا عہدہ سنبھالیں گے۔

اکرام سہگل پاتھ فائنڈر گروپ پاکستان کے چیئرمین ہیں، جنہیں بزنس کا 40 سالہ تجربہ ہے۔

پاک فوج سے ریٹائر ہونے والے اکرام سہگل کے پاس کمرشل پائلٹ کا لائسنس بھی ہے۔وہ مختلف بورڈز میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، خصوصاً بینک الفلاح کے بورڈ میں وہ 16 سال رہے۔

اکرام سہگل ورلڈ اکنامک فورم کے بانی رکن اور 9 سال تک ایسٹ ویسٹ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر بھی رہے۔اس کے ساتھ ساتھ وہ کراچی کونسل آف فارن ریلیشنز کے چیئرمین اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این سی) کے صدر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

تبصرے بند ہیں.