عاصم شیر (فوٹو فائل)

شیر نے نایاب شیرنی مار ڈالی

لندن کے زو میں 10 سال کی سماترن شیرنی کو 7 سالہ شیر نے مار ڈالا، زو اسٹاف کے مطابق دونوں کے درمیان لڑائی ہوگئی تھی۔

زو کے مطابق عاصم شیر کو 10 دن پہلے دانش سفاری پارک سے اس امید کے ساتھ لایا گیا تھا کہ وہ لندن زو میں طویل عرصے رہنے والی میلاتی نامی شیرنی کے لئے بہترین ساتھی ثابت ہوگا۔

زو حکام کے مطابق پنجرے میں ایک ساتھ تھوڑا وقت گزارنے کے بعد دونوں کے درمیان لڑائی ہوگئی جس کے نتیجے میں شیرنی مر گئی۔

زو حکام کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق شیر کو لڑائی کے بعد فوری طور پر دوسرے پنجرے میں منتقل کردیا گیا تھا اس کے بعد شیرنی کو فوری طبی امداد دی گئی لیکن ڈاکٹرز کی بھرپور کوششوں کے باوجود بھی شیرنی مرگئی۔

زو کے بیان کے مطابق ’ہماری اس وقت توجہ عاصم کی دیکھ بھال پر ہے، اسٹاف کا دل وقت کے اس طرح بدلنے پر بھت دکھی ہے‘۔

عاصم نامی شیر کو یورپین وائڈ کنزرویشن بریڈنگ پروگرام (European-wide conservation breeding programme) کے سلسلے میں لندن زو منتقل کیا گیا تھا۔

شیر کی زو آمد کے بعد زو نے وضاحت دی تھی کہ ’عاصم ایک خوبصورت اور بھروسہ والا شیر ہے، جو اپنی زندگی میں شیرنیوں کے ساتھ بہت پیار کرنے والا شیر جانا جاتا ہے، ہم امید کر رہے ہیں کہ یہ ہماری خوبصورت میلاتی کے لئے بہترین ساتھی ثابت ہوگا‘۔

اس سے پہلے جائے جائے نامی شیر میلاتی کے ساتھ تھا جس کے میلاتی کے ساتھ سات بچے تھے، بعد میں 30 جنوری کو جائے جائے کو ایک فرانسیسی زو میں منتقل کردیا گیا تھا۔

میلاتی اور جائے جائے (فوٹو فائل)

2013 میں میلاتی نے دو بچے دئے تھے لیکن ایک بچہ پول میں گر کر ڈوب گیا تھا۔

میلاتی نے فروری 2014 میں تین بچے دیے بعد میں جون 2016 میں میلاتی نے دو مزید بچے دئے تھے۔