اسلامی فوجی اتحاد کا وفدراحیل شریف کی قیادت میں پاکستان پہنچ گیا

چالیس ممالک کے اسلامی فوجی اتحاد کا وفد جنرل (ر) راحیل شریف کی قیادت میں پاکستان پہنچ گیا وفد دو روزہ قیام میں وزیر اعظم، آرمی چیف سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔

یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 15 دسمبر 2015 میں اسلامی فوجی اتحاد کا اعلان کیا جس میں ابتدائی طور پر 34 ممالک شریک تھے جو بعدازاں اس کی تعداد 40تک پہنچ گئی۔

اسلامی فوجی اتحاد کے پہلے کمانڈر پاکستان فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کو نامزد کیا گیا اور اب بھی وہ اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کی قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔اسلامی فوجی اتحاد کے قیام کا مقصد اسلامی ممالک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے اور وفد کے شرکاء دو روز تک پاکستان میں قیام کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی اور جنرل (ر) راحیل شریف وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اسلامی فوجی اتحاد کا وفد سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کرے گا، وفد چیئرمین سینیٹ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سول و عسکری قیادت سے اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کی ملاقاتوں میں خطے کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے اقدامات پر گفتگو ہوگی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوگی اور مہمان وفد کی دو روز قیام کے بعد واپسی منگل کو متوقع ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.