سابق جج شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کیخلاف اپیل سماعت کیلیے منظور

سپریم کورٹ نے رجسٹرار کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جج شوکت عزیز صدیقی کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔

سپریم کورٹ کے جج جسٹس عظمت سعید شیخ نے سابق جج شوکت عزیز صدیقی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج کے عہدے سے ہٹانے کے معاملے پر دائر اپیل پر ان چیمبر سماعت کی۔

عدالت نے سماعت کے بعد رجسڑار کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے شوکت عزیز صدیقی کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرلی۔

خیال رہے کہ 11اکتوبر 2018 کو ججز کے خلاف شکایات کی سماعت کرنے والی سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارش پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے برطرفی اور سپریم جوڈیشل کونسل کی رپورٹ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا تاہم رجسٹرار سپریم کورٹ نے ان کی درخواست پر اعتراضات عائد کئے تھے۔

شوکت عزیز صدیقی نے سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

تبصرے بند ہیں.