مودی حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کے لیے اب تک ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے۔فائل فوٹو
مودی حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کے لیے اب تک ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے۔فائل فوٹو

بھارت دنیا کا آلودہ ترین ملک ہے۔تحقیقی رپورٹ میں انکشاف

ماحولیاتی آلودگی کی دو بڑی تنظیموں کی جانب سے جاری تحقیقی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا کے 30آلودہ ترین شہروں میں سے 22 بھارتی شہر ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ماحولیاتی آلودگی کے لیے کام کرنے والی 2معروف تنظیموں ’’ایئر ویژول‘‘ اور ’’گرین پیس‘‘ نے ہوا کے معیار کے لحاظ سے دنیا کے 30آلودہ ترین شہروں کی فہرست مرتب کی ہے، 30آلودہ ترین شہروں میں سے 22 شہر بھارت کے ہیں۔

بھارتی دارالحکومت نئی دلی کے نواحی شہر گروگرام کو دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے جہاں ہوا کے معیار کا تناسب 135.8ہے جو صحت مند فضا کے لیے درکار تناسب سے تین گنا زیادہ آلودہ ہے۔

ماہرین کے مطابق ان شہروں میں صرف ہوا کے معیار کا تناسب ہی بہت خراب نہیں بلکہ ہوا میں موجود فائن پارٹیکلز کی مقدار بھی بہت کم تھی۔

ماہرین ہوا کے معیاری اور صحت مند ہونے کو ایک انڈیکس سے ظاہر کرتے ہیں جسے ایئر کوالٹی انڈیکس کہا جاتا ہے۔

بھارتی شہروں میں دہلی، کلکتہ، احمد آباد، آگرہ، لکھنو، غازی آباد، فریدآباد، پٹنہ، اور دیگر کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد کو بھی پار کرچکا ہے جو شہریوں کی صحت کے لیے نہایت مہلک ہے۔

مودی حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کے لیے اب تک ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے ہیں۔

واضح رہے کہ پہلے ہی فائن پارٹیکلز کی ہوا میں موجودگی کے لحاظ سے بھی دنیا کے آلودہ ترین 20شہروں میں سے 14بھارتی شہر تھے اور اب ہوا کی کوالٹی کے انڈیکس کے حساب سے بھی دنیا کے آلودہ ترین 30شہروں میں سے 22بھارتی شہر ہیں۔