لاہور میں کارروائی، بیمار جانوروں کا 4 ہزار کلو برآمدہ گوشت تلف

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کی بکرا منڈی میں کارروائیاں کرتے ہوئے بیمار جانوروں کا 4 ہزار 3 سو کلوگوشت برآمد کر لیا جبکہ 8 ہزار کلو باقیات تلف کردی گئیں۔

اولڈ سلاٹر ہاؤس ایریا میں غیر قانونی تین مذبحہ سیل کردیے گئے، مضر صحت گوشت فروخت کرنے کے مرتکب ملزمان فرار ہو گئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے بکر منڈی اولڈ سلاٹر ہاؤس ایریا میں 3 غیر قانونی مذبحہ، میٹ چلر اور فیٹ رینڈرنگ یونٹ سیل کیے گئے۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق سیل کیے گئے سلاٹر ہاؤس پہلے بھی سیل کیے جا چکے ہیں، جنہیں غیر قانونی طور پر دوبارہ کھول کر کام کیا جا رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی مذبحہ میں بیمار جانوروں کا گوشت تیار کر کے اس پر جعلی مہریں لگائی جاتی تھیں،غیر قانونی مذبحہ سے جعلی مہریں بھی برآمد کی گئی ہیں، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔

تبصرے بند ہیں.