پاکستان سے آئے پناہ گزینوں کی مالی مدد کریں گے۔فائل فوٹو
پاکستان سے آئے پناہ گزینوں کی مالی مدد کریں گے۔فائل فوٹو

بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر۔بی جے پی کا انتخابی منشور جاری

بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اگلے عام انتخابات کے لیے اپنا منشور پیش کردیا ہے جس میں انہوں نے اپنی روایتی انتہا پسندی کی پالیسی کو برقرار رکھتے ہوئے نفرت کو ہوا دی  اور بابری مسجد کی جگہ رام مندر تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی نے اپنا منشور پیش کردیا ہے جسے بے جی پی کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کردیا گیا ہے، منشور میں 75 نکات پیش کئے گئے ہیں جنہیں 2022 تک مکمل کیا جائے گا۔

بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بتایا کہ ایک سو تیس کروڑ بھارتیوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے یہ منشور بنایا گیا ہے، دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی برقرار رہے گی اور ملک کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

منشور کے مطابق بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کی جائے گی اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35Aکو ختم کرنے کی کوشش کریں گے، جبکہ پاکستان سے آئے پناہ گزینوں کی مالی مدد کریں گے۔

واضح رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کے لیے عام انتخابات 11 اپریل سے 19 مئی تک 7 مراحل میں ہوں گے۔