شاداب خان ورلڈ کپ کھیلنے کیلیے فٹ قرار۔16مئی کو انگلینڈ روانہ ہوں گے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان ورلڈ کپ کے لیے فٹنس حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک اعلامیے کے مطابق شاداب خان 16مئی کو انگلینڈ روانہ ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق آل راؤنڈر 17 مئی کو برطانیہ میں ڈاکٹر پیٹرک کینیڈی سے معائنہ کرائیں گے۔پی سی بی نے واضح کیا کہ  شاداب خان کے خون کے ٹیسٹ میں کوئی وائرس نہیں پایا گیا۔

شاداب خان 20 مئی کو برسٹل میں ٹیم میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔فٹ ہوجانے کے بعد شاداب خان کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ میں واپسی پر بہت خوش ہیں۔

انہوں نے کہا ’میں پہلے سے ہی بہت پراعتماد تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل وائرل انفیکشن سے نجات حاصل کرتے ہوئے ٹیم کو دستیاب ہوجاؤں گے۔‘

شاداب خان کا کہنا تھا کہ وہ چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم میں شامل تھے اس لیے وہ سمجھتے ہیں کہ ورلڈ کپ جیسے ایونٹ کی کیا اہمیت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کارڈف اور ساؤتھ ہیمپٹن میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا، تھوڑی سی مزید بہتری کے بعد قومی ٹیم دنیا کی تمام ٹیموں سے ٹکر لینے کے لیے تیار ہوجائے گی۔

تبصرے بند ہیں.