آصف زرداری کا عید بعد حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان

آصف زرداری نے عید کے بعد حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا حکومت مخالف تحریک پارلیمنٹ نہیں، سڑکوں پر چلائیں گے۔

سابق صدر آصف زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتی، بلاول بی بی شہید کا بیٹا ہے، انگاروں پر چلے گا، ماضی اور موجودہ ایمنسٹی اسکیم میں کوئی فرق نہیں۔

 ادھر عدالت نے آصف زرداری کی 6 نیب انکوائریز اور تحقیقات میں ضمانت میں توسیع کر دی۔ دو رکنی بنچ کے روبرو آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے مؤقف اختیار کیا کہ نئے طلبی کے نوٹسز آ رہے ہیں، جسٹس عامر فاروق نے کہا یہ تو لگتا ہے طلبیوں اور ضمانتوں کا سیلاب آ رہا ہے۔

نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا پارک لین کیس تیار ہے، آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کی 5 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی جب کہ مزید 2 کیسز میں ضمانت منظور کرلی گئی، عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کی ضمانت میں 29 مئی، ہریش کمپنی کیس میں 30 مئی، اوپل 225 انکوائری میں 11 جون، پارک لین کیس میں 12 جون، مشکوک ٹرانزیکشنز کیس میں 18 جون جب کہ بلٹ پروف گاڑیوں اور توشہ خانہ تحائف کے کیس میں 20 جون تک توسیع کردی ہے۔

تبصرے بند ہیں.