نالائق اعظم کو وزیراعظم نہیں مانتی۔مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ نالائق اعظم کو وزیراعظم تسلیم نہیں کرتی۔

بہاولپور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اسلام آباد میں بچی سے زیادتی و قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فرشتہ مہمند پاکستان کی بیٹی تھی، اس کے لیے آواز اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نالائقوں کی حکومت غریب عوام کے لیے سانحہ سے کم نہیں، لوگ روز صبح اٹھ کر مہنگائی کی خبر سنتے ہیں، 10 ماہ میں ایک اچھی خبر نہیں سنی، مہنگائی کی وجہ سے میاں بیوی میں لڑائیاں ہورہی ہیں کیونکہ آمدنی کم اور خرچے دگنے ہوگئے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ نالائق اعظم کو وزیراعظم نہیں کہتی، یہ چور دروازے سے چوری کرکے آیا ہے، اپوزیشن کی ایک افطاری سے ان کی ٹانگیں کانپتی ہیں، غلط کام کرکے آگے آتا ہے اس کی ٹانگیں کانپتی ہیں

مریم نواز نے کہا کہ  نالائق اعظم کہتا تھا کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گا، بھیک تو نہیں مانگی پورے ملک کے خزانے کی چابیاں آئی ایم ایف کو دے دیں، ملک میں ہر چیز مہنگی ہے صرف دو چیزیں روپے کی قیمت اور ملکی خودمختاری سستی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے مزید کہا کہ تبدیلی کےدعویداروں نےملک کا برا حال کر دیا ہے، کچھ عرصے کےبعد ان کا پورا چہرا بےنقاب ہو جائے گا، لوگ ان کے بھیانک چہرےکودیکھ رہےہیں۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ یہ تو کچھ خاندانوں کے ساتھ انفرادی سانحے ہوئے تھے لیکن ایک سانحہ پاکسانی قوم کے ساتھ بھی ہوا ہے، نالائقوں کی حکومت آنا بھی پاکستان کے 22 کروڑ عوام کیلئے سانحے سے کم نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے دھرنوں اور سازشوں کے باوجود ملک کو کہاں سے کہاں پہنچایا، ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے ان سے آج تک اپنی رہائی کے بارے میں ایک بار بھی نہیں کہا، انہوں نے ہمیشہ کہا کہ عوام کے دکھ درد میں شریک ہو۔

تبصرے بند ہیں.