حکومت عوامی ردعمل سے پہلے سندھ کے ہسپتالوں پر اپنا فیصلہ واپس لے۔بلاول

پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ وفاقی حکومت عوامی ردعمل سے پہلے سندھ کے ہسپتالوں پر اپنا فیصلہ واپس لے، ہر فورم پر وفاقی حکومت کے اقدام کی مزاحمت کریں گے ۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چیئرمین نیب نے وفاقی وزراکے خلاف تحقیقات روکنے کااعترافی بیان دیاہے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کے تین ہسپتالوں سے متعلق فیصلہ واپس لے ،سندھ کے عوام اپنے اثاثوں پر کسی کا تسلط نہیں ہونے دیں گے ، ہم ہر فورم پر وفاقی حکومت کے اقدام کی مزاحمت کریں گے ۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں حکومت سندھ کی نظرثانی اپیل پر فیصلہ آنے تک کا انتظار بھی گوارا نہیں کیا۔ جے پی ایم سی، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ پر سندھ کے عوام کے اربوں روپے لگے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت ملنے والے مذکورہ ہسپتالوں میں حکومت سندھ نے انقلابی اقدامات اٹھائے۔ این آئی سی وی ڈی کا دیگر شہروں میں قیام حکومتِ سندھ کا قابل تحسین اقدام ہے۔ این سی آئی وی ڈی میں ملک بھر سے آنے والے مریضوں کے علاج کے اخراجات سندھ حکومت نے اُٹھا رکھے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام اپنے ٹیکس اور محنت سے بنائے اثاثوں پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.