ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو مل گئی

ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے 2020ء کے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو دیدی گئی ہے۔ایشیا کپ ٹی 20 فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔

سنگاپور میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سری لنکن حکام کی بھی ملاقات ہوئی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی ورلڈ کپ کے بعد ایشیا کپ کی تیاریوں کا آغاز کرے گا۔ اجلاس میں 2022ء کی ایشئین گیمز میں کرکٹ کی شمولیت کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، ایشین گیمز 2018ء میں کرکٹ شامل نہیں تھی۔

دوسری جانب ایشین کرکٹ کونسل کی سائیڈ لائن پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور سری لنکن کرکٹ حکام کی ملاقات ہوئی ہے جس میں پی سی بی نے پاکستان میں سری لنکن ٹیم کی میزبانی کی پیشکش کی ہے اور دعوت دی ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ  اپنا سیکیورٹی وفد پاکستان بھیجے جو حالات اور انتظامات کا جائزہ لے۔

اس حوالے سے پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ حکام سے بات چیت اچھی رہی، سری لنکا کو کراچی اور لاہور میں میچز کھیلنے کی پیشکش کی ہے، امید ہے کہ مثبت جواب ملے گا۔

خیال رہے کہ انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ایشیا کپ کا آغاز 1983ء میں کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے لے کر اب تک ہر دو سال بعد اس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.