کرکٹ ورلڈکپ۔انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو 104رنز سے شکست دیدی

کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے افتتاحی معرکے میں انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو 104 رنز سے شکست دیدی۔

ورلڈکپ 2019 کا افتتاحی میچ لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلا گیا جہاں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 311 رنز بنائے جس کے جواب میں جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے اننگز کا آغاز کیا، ہاشم آملہ کو ہیلمٹ پر گیند لگنے کے باعث انہیں ریٹارئرہٹ ہونا پڑا جس کے بعد ایڈن مارکرام بیٹنگ کے لیے آئے اور صرف 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، کپتان فاف ڈپلسی بھی 5 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

ڈی کوک نے ذمے دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے، جے پی ڈومنی صرف 8 رنز بنانے کے بعد معین علی کا شکار بن گئے، ڈیوائن پروٹرس صرف ایک رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے جب کہ وین ڈر ڈوسین بھی 50 رنز پر ہمت ہار گئے۔

آندلے پھلکوایو 24 رنز بنانے کے بعد عادل رشید کا شکار بنے، ہاشم آملہ دوبارہ بیٹنگ کے لیے لیکن 13 رنز بنانے کے بعد واپس پویلین لوٹ گئے جب کہ کگیسو رابادا بھی 11 رنز ہی بناسکے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 3، لیام پلنکٹ نے 2، جب کہ عادل رشید اور معین علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈپلسی نے میزبان ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ کرنے کو ترجیح دی،انگلش ٹیم کی جانب سے جیسن رائے اور جونی برسٹو نے اننگزکا آغازکیا لیکن دوسری ہی گیند پرعمران طاہرنے برسٹو کو آؤٹ کر دیا۔

پہلی وکٹ جلدی گرنے کے بعد جیسن رائے اور جو روٹ نے ذمے دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 106 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

جیسن رائے اور جو روٹ نے اپنی نصف سنچریاں اسکور کیں اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 54 اور51 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔

انگلش کپتان این مورگن اور بین اسٹوکس نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ففٹیزاسکورکیں۔ مورگن 57 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے جب کہ بین اسٹوکس نے 89 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز کا ٹوٹل اسکور بورڈ پرسجایا جب کہ جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیدی نے 3، عمران طاہر اور کگیسو ربادا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.