ٹاس جیت کر فیلڈنگ پاکستان کے گلے پڑ گئی

بھارت کے 337 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی،ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کی روایت برقرار رہی اور پاکستان 89 رنز سے میچ ہارگیا۔

بھارتی ٹیم نے میگاایونٹ میں 7 ویں بار گرین شرٹس کو ہرا دیا، بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت بھارت کے 302 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم  مقررہ 40 اوورز میں 6 وکٹوں پر 212 رنز ہی بنا سکی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 35 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا تھا۔

امام الحق اور فخر زمان پرمشتمل اوپننگ جوڑی ایک بار پھر ناکام رہی، امام الحق 18 گیندوں پر صرف 7 رنز بنا کر چلتے بنے، ابتدائی نقصان کے بعد فخر زمان اور بابراعظم نے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور 100 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، اس دوران فخر زمان نے نصف سنچری مکمل کرلی تاہم بابر اعظم 117 کے مجوعے پر 40 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے

9 رنز کے اضافے سے فخر زمان بھی چلتے بنے، انہوں نے 62 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

129 کے مجموعے پر محمد حفیظ اور شعیب ملک بھی پویلین لوٹ گئے، محمد حفیظ 9 اور شعیب ملک صفر پر آؤٹ ہوئے، کپتان سرفراز احمد بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 12 رنز پر بولڈ ہوگئے،عماد وسیم 46رنزاور شاداب خان20 رنز بنا پرناٹ آئوٹ رہے۔

اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں کرکٹ ورلڈکپ کا اہم میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جارہا ہے جس میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز روہت شرما اور لوکیش راہول نے کیا، دونوں اوپنرز نے پر اعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 163 رنز بنائے، دونوں اوپنرز نے نصف سنچری مکمل کی تاہم لوکیش راہول 57 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ روہت شرما نے جارحانہ اننگز کا مظاہرہ کیا اور سنچری اسکور کرتے ہوئے 140 رنز کی اننگز کھیلی۔

ون ڈاؤن آنے والے ویرات کوہلی نے جارحانہ انداز اپنایا اور نصف سنچری اسکور کی، ہاڑڈک پانڈیا 26 اور ایم ایس دھونی صرف ایک رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جب کہ کپتان ویرات کوہلی 77 رنز پر محمد عامر کا شکار بن گئے۔

وجے شنکر 15 اور یادیوو 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، بھارت  نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر336 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے تجربہ کار محمد عامر سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 10 اوورز کے کوٹے میں 47 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ  وہاب ریاض نے 10 اوورز میں 71 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ حاصل کی۔

حسن علی سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 9 اوورز میں 84 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، شاداب خان نے 9 اوورز میں 61، عماد وسیم نے 10 اوورز میں 49 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔

تبصرے بند ہیں.