نندی پور ریفرنس۔بابراعوان بچ گئے۔راجہ پرویز اشرف پھنس گئے

احتساب عدالت  نے سابق وزیر قانون اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بابراعوان کو نندی پور پاور پراجیکٹ اسکینڈل کیس میں بری کردیا جب کہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی درخواست مسترد کردی گئی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں آج نندی پور پاور پراجیکٹ کیس کی سماعت ہوئی جس میں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے محفوظ شدہ  فیصلہ سنایا۔

عدالت نے بابر اعوان اور جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی کی درخواستِ بریت منظور کرلی جب کہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی بریت کی درخواست مسترد کردی گئی۔

دوسری جانب بابر اعوان کی رہائی کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انہیں ٹیلی فون کیا اور کیس میں بری ہونے پر مبارک باد پیش کی۔

خیال رہے کہ نیب کے مطابق پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں وزراء کی ملی بھگت سے نندی پور پاور پراجیکٹ منصوبے میں 2 سال کی تاخیر ہونے سے قومی خزانے کو 27 ارب کا نقصان پہنچا تھا۔

مذکورہ کیس میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، سابق وزیر قانون بابر اعوان، سابق سیکریٹری قانون مسعود چشتی، ریاض کیانی، سینیئر جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر ریاض محمود، سابق ریسرچ کنسلٹنٹ شمائلہ محمود اور سابق سیکریٹری شاہد رفیق پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

واضح رہے نیب ریفرنس میں عائد الزامات پر بابر اعوان وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.