کرکٹ ورلڈ کپ 2019۔بھارت سیمی فائنل میں پہنچ گیا

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے 34 ویں میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 125 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 269 رنز کا ہدف دیا ہے تاہم ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 34.2 اوورز میں 143 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

بھارتی بولرز نےتباہ کن بولنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیزکی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے، کالی آندھی کے 6 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے، اوپنر ایمبریس 31 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ پوران نے 28، ہتھمیر نے 18،گرس گیل نے 6 اور ہوپ نے 5 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 4، بھمرا اور چاہال نے دو دو جبکہ پانڈیا اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارتی ٹیم رواں ورلڈکپ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔

میچ میں کامیابی کے بعد بھارت پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے، اس نے 6 میچز میں 11 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کے ایل راہول اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا۔

بھارتی اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے، ٹیم کا مجموعی اسکور 29 تک پہنچا تو روہت شرما 18 رنز بنا کر کیمار روچ کا شکار بن گئے۔دوسرے اوپنر کے ایل راہول بھی 48 رنز بنا کر ہولڈر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

نئے آنے والے بلے باز وجے شنکر اور کیدار جادیو بھی زیادہ دیر کریز پر ٹھہر سکے اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 18 اور 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان ویرات کوہلی نے ایک بار پھرشاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں چوتھی لگاتار نصف سنچری مکمل کی اور وہ 72 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارتی وکٹ کیپر مہندرا سنگھ دھونی نے بھی ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 56 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ہاردک پانڈیا نے 38 گیندوں پر 46 رنز کی تیز اننگز کھیلی۔

بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے جب کہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ نے تین اور کوٹریل اور جیسن ہولڈر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.