جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور بھی مارے گئے۔فائل فوٹو
جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور بھی مارے گئے۔فائل فوٹو

افغانستان میں ٹرک حملہ۔16افراد ہلاک،116زخمی

افغانستان میں وزارت دفاع اور فٹبال فیڈریشن کی عمارتوں کے نزدیک خود کش حملے میں 16 افراد ہلاک اور116 زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور بھی مارے گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت کابل میں واقع وزارت دفاع کی عمارت اور افغان فٹبال فیڈریشن کے دفتر کے قریب خود کش بمبار نے بارود سے بھرا ٹرک دیوار سے ٹکرا دیا جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 116 زخمی ہوگئے۔

زورد دار دھماکا گنجان آباد اور مصروف ترین علاقے میں کیا گیا جس میں اسکول کی 5 عمارتیں بری طرح متاثر ہوئیں جب کہ وزارت دفاع کے لاجسٹک سینٹراورافغان فٹبال فیڈریشن کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمیوں میں 50 طالب علم اور 18 فٹبال فیڈریشن کے کھلاڑی و اہلکار شامل ہیں۔

خود کش دھماکے کے بعد 2 حملہ آوروں نے قریبی عمارت میں قبضہ کرکے وزارت دفاع کے لاجسٹک سینٹر کو نشانہ بنایا،اس دوران پولیس اور فوج کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ سخت مقابلے میں دونوں حملہ آور مارے گئے۔

دوسری جانب طالبان نے افغان وزارت دفاع کے لاجسٹک سینٹر پرحملے کی ذمے داری قبول کر لی۔

گزشتہ روز بھی قندھار میں طالبان جنگجوؤں نے 4 گاڑیوں میں سوار ہو کر سرکاری عمارت پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں  11 پولیس اہلکار اور 9 الیکشن کمیشن کے اہلکار ہلاک  جب کہ 30 افراد زخمی ہوئے تھے۔