گرفتاریاں پارلیمانی کمیٹی کی تفتیش کی روشنی میں کی گئی ہیں۔فائل فوٹو
گرفتاریاں پارلیمانی کمیٹی کی تفتیش کی روشنی میں کی گئی ہیں۔فائل فوٹو

خود کش حملے روکنے میں ناکامی۔سری لنکن پولیس چیف اور سیکریٹری دفاع گرفتار

سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر چرچوں اور ہوٹلوں پر 6 خود کش حملوں کو روکنے میں ناکامی پر پولیس چیف اور سیکریٹری دفاع کو حراست میں لے لیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں پولیس انسپکٹر جنرل پوجیتھ جایاسندارا اور سابق سیکریٹری دفاع ہیماسیری فرنانڈو کو حراست میں لیا گیا ہے۔ دونوں افسران گرفتاری کے وقت اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

پولیس چیف اور سیکریٹری دفاع کے علاوہ مزید 9 پولیس افسران کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے اور اب ان سب کو مجرمانہ غفلت برتنے کے الزام میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا جب کہ قتل کی دفعات بھی لگائے جانے کی امید ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں پارلیمانی کمیٹی کی تفتیش کی روشنی میں کی گئی ہیں، تفتیشی رپورٹ میں 21 اپریل 2019ء میں ایسٹر کے موقع پر کیے گئے خود کش حملوں کو روکنے میں پولیس افسران کی نااہلی اور ناکامی ثابت ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ پارلیمانی کمیٹی کی تفتیش میں کہا گیا تھا کہ 21 اپریل کے خود کش حملوں سے متعلق بھارت کی جانب سے پہلے ہی خبردار کیے جانے کے باوجود سیکیورٹی حکام نے وارننگ کوسنجیدگی سے نہیں لیا اور سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات نہیں کیے گئے جس کی وجہ 250 افراد اپنی جانوں سے گئے۔