ویسٹ انڈیز کے 312 رنز کے جواب میں افغان ٹیم 288 رنز پرڈھیرہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کے 312 رنز کے جواب میں افغان ٹیم 288 رنز پرڈھیرہوگئی۔

ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 23 رنز سے شکست دیدی

کرکٹ ورلڈکپ کے 42ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو 23 رنز سے شکست دیدی۔

عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز اور افغانستان کا سفر تمام ہوگیا، ایونٹ میں کالی آندھی نے 2 کامیابیاں سمیٹی جب کہ افغانستان کی ٹیم فتح  کا مزہ تک نہ چکھ سکی۔ دونوں ٹیمیں لیڈز کے میدان پرایونٹ میں آخری بار سامنے آئیں تو ویسٹ انڈیز کے 312 رنز کے جواب میں افغان ٹیم 288 رنزپرڈھیرہوگئی۔

افغانستان کی جانب سے اکرام علیخل نے سب سے زیادہ 86 رنز بنائے، رحمت شاہ نے 62، اصغرافغان نے 40 اور نجیب اللہ زردان نے 31 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز کرس گیل اور ایون لیوس نے کیا، گیل میگا ایونٹ کے اپنی آخری میچ میں بھی ناکام ثابت ہوئے اور صرف 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

ایون لیوس نے شائے ہوپ کے ساتھ مل کر ذمے دارنہ بیٹنگ کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، لیوس 58 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور شائے ہوپ 77 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے۔

شیمرون ہیٹمیئر 39 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ پچھلے میچ کے سنچری میکر نکولس پورن نے ایک اور شاندار اننگز کھیلی، وہ 58 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے اور کپتان جیسن ہولڈر نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔

افغانستان کی جانب سے دولت زدران نے 2 جب کہ راشد خان، محمد نبی اور سید شرزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔