سونے کی فی تولہ قیمت 82 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

سونے کی فی تولہ قیمت 1700 روپے اضافے کے بعد 82 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

نجی ٹی وی کے مطابق روپے کی بے قدری اور ڈالر کی اونچی اڑان بدستور جاری ہے، جمعرات کے روز انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 60 پیسے کا اضافہ ہوا اور انٹر مارکیٹ میں ڈالر بڑھ کر 158 روپے 48 پیسے پر بند ہوا جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر نے نیا ریکارڈ قائم کیا اوراوپن مارکیٹ میں ڈالر 1.20 روپے مہنگا ہوکر 159.70روپے پر بند ہوا۔

دوسری جانب ڈالر کی بڑھتی قیمت کا اثر ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی نظرآیا اورایک ہی دن میں سونے کی فی تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1700 روپے اور 1458 روپے کا اضافہ ہوگیا جب کہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی فی اونس قیمت میں یک دم 24 ڈالرکا اضافہ ہوگیا اورعالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت بڑھ کر 1420 ڈالر ہوگئی۔

ڈالر کی اونچی اڑان اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی نئی قیمت نے نیا ریکارڈ قائم کردیا اورسونے کی فی تولہ قیمت بڑھ کر 82 ہزار روپے جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت 70 ہزار 302 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.