کور کمانڈرز کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ فائل فوٹو
کور کمانڈرز کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ فائل فوٹو

کشمیریوں کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم اپنی ذمے داریاں نبھانے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی جس میں ایک نکاتی ایجنڈے پرغوراورمقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر جائزہ لیتے ہوئے اس پر بحث کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے بھارتی اقدامات مسترد کرنے کےحکومتی فیصلے کی بھرپور تائید کی اور مسئلہ کشمیر پر بھارتی اقدامات مسترد کرنے کے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کبھی مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کو قانونی بنانے والا آرٹیکل 370 یا 35 اے تسلیم نہیں کیا، اب بھارت نے خود ہی اس کھوکھلے بہانے کو ختم کردیا ہے۔

کورکمانڈرز کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاک فوج اپنی اس ذمے داری کو نبھانے کے لئے مکمل تیار ہے اور ہم اپنی ذمے داریاں نبھانے کیلئے آخری حد تک جانے کو تیارہیں۔

واضح رہےکہ بھارتی حکومت کی جانب سے صدارتی حکم نامے کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے خصوصی اختیارات سے متعلق آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے جس کے تحت مقبوضہ کشمیر اب ریاست نہیں کہلائے گی اور لداخ بھی بھارتی یونین کا حصہ ہو گا۔

بھارت نے لائن آف کنٹرول پر کلسٹر بموں کا استعمال کیا جس کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مذمت بھی کی گئی۔