تنازع کشمیر۔چین کاسلامتی کونسل میں پاکستان کی حمایت کا اعلان

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی جس میں انہوں نے بھارت کے غیر آئینی اقدامات پر تحفظات سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ڈھائی گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی اقدام کے خلاف سیکیورٹی کونسل جانے کا فیصلہ کیا ہے اور چین پاکستان کی مکمل حمایت کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون رکھے گا، چین اور پاکستان کی وزارتیں اور مشنز آپس میں روابط جاری رکھیں گے۔

شاہ محمود قریشی کے مطابق چین نے آج ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ وہ پاکستان کا بااعتماد دوست ہے، چین سے دوستی آج بھی لازوال ہے، اس پر جتنا فخر کیا جائے کم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی وزیرخارجہ نے پاکستان کے مؤقف کی مکمل تائید کی ہے اوراتفاق کیا کہ بھارتی اقدام یکطرفہ ہیں، ان اقدام سے مقبوضہ جموں و کشمیرکے اسٹیٹس اورہیئت میں تبدیلی واقع ہوئی ہے،انہوں نے اتفاق کیا کہ ان بھارتی اقدامات سے خطے کے امن و استحکام کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ چینی وزیرخارجہ نے اتفاق کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر ایک متنازع مسئلہ تھا اور ہے، مسئلہ کشمیر کا حل بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا چاہیے، چین مسئلے کا پرامن حل چاہتا ہے تاکہ کشیدگی میں اضافہ نہ ہو جبکہ چینی حکام کو بتایا کہ بھارت پلوامہ جیسی حرکت دوبارہ کرسکتا ہے۔