متعلقہ ادارے شہر میں تمام بل بورڈز کو ہٹا دیں۔فائل فوٹو
متعلقہ ادارے شہر میں تمام بل بورڈز کو ہٹا دیں۔فائل فوٹو

کراچی میں بارش۔ بفر زون میں پانی گھروں داخل

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش نے شدید حبس میں کسی حد تک کمی کردی ہے۔

کراچی اور گرد و نواح میں گزشتہ کئی روز سے سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، سمندری ہواؤں کی بندش کے باعث شدید حبس ہے تاہم گزشتہ روز کی طرح اتوار کی سہہ پہر بھی بفرزون، سرجانی، گلشن معمار، نارتھ کراچی، نیو کراچی، گلشنِ اقبال، ایف بی ایریا، ناظم آباد، گلستانِ جوہر، بہادرآباد، پی آئی بی کالونی اور عیسیٰ نگری میں ہونے والی بارش نے موسم کو کسی حد تک خوشگوار کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر 2 سے شام 4 بجے کے دوران سرجانی ٹاؤن میں 40 جب کہ نارتھ کراچی میں 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث بفر زون میں بارش کا پانی گھروں داخل ہو گیا۔

بارش شروع ہوتے ہی کراچی کے مختلف علاقوں لیاری، کورنگی، لانڈھی، مہران ٹائون اوردیگرعلاقوں میں بجلی کا سلسلہ منقطع ہو گیا۔

کے الیکٹرک کے ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بارش کے موسم میں احتیاط ضروری ہے، ایسے موسم میں عوام ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ برقی آلات نہ چھوئیں، بچوں کا خاص خیال رکھیں اوراحتیاط برتیں،غیرقانونی ذرائع سے بجلی کا حصول ہرگز نہ کریں،کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پرفوری رابطہ کریں۔

مئیر کراچی وسیم اختر نے بارش کے باعث بلدیہ عظمی کراچی کے لازمی سروسز کے عملے کو ڈیوٹی پر طلب کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل سروسز سمیت دیگرلازمی سروسز کے افسران اور اہلکار ڈیوٹیوں پر پہنچ کر شہریوں کی مدد کریں، تمام منتخب بلدیاتی نمائندے بھی کام پر معمور بلدیاتی ملازمین کے ساتھ تعاون کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے بعد شہر میں بلدیاتی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو متحرک کیا جائے، واٹر بورڈ شہر میں اپنے عملے کو متحرک کرے اور بارش کے ختم ہوتے ہی پانی کا نکاس یقینی بنایا جائے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہ سکتا ہے۔