یوم دفاع وشہدا کی مرکزی تقریب میں بگل بجا کر شہدا کو سلام پیش کیا گیا۔فائل فوٹو
یوم دفاع وشہدا کی مرکزی تقریب میں بگل بجا کر شہدا کو سلام پیش کیا گیا۔فائل فوٹو

ملک بھر میں یوم دفاعِ پاکستان یکجہتی کشمیر کے ساتھ منایا گیا

ملک بھرمیں حسب روایات یوم دفاعِ پاکستان آج ملی جوش و جذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت وعقیدت کے ساتھ منایا گیا۔

شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب ہوئی۔

فوٹو: اے ایف پی

یوم دفاع وشہدا کی مرکزی تقریب میں بگل بجا کر شہدا کو سلام پیش کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

یوم دفاع و شہداء کی مرکزی تقریب میں شہداء کے لواحقین خصوصی طورپرمدعوتھے اورآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں غیرملکی سفرا، حکومتی ارکان اور اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک تھے۔تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ پڑھا گیا جس میں تمام شرکا نے کھڑے ہو کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر شہدا کے حوالے سے ایک ڈاکیومینٹری بھی پیش کی گئی جس میں شہدا کے اہلخانہ مختصر انٹرویو شامل کیے گئے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا جی ایچ کیو میں ہونے والی یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے، شہید ہماری پہچان ہیں، اپنے شہیدوں کے خاندانوں کا حوصلہ دیکھ کر میرا اعتماد بڑھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے بقاء پاکستان کا سفر شہدا کی عظیم قربانیوں سے سجا ہوا ہے، پورے یقین سے کہہ رہا ہوں کہ ہمارے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

یومِ دفاع پاکستان پر وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جب کہ نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی اور کشمیریوں کی آزادی کی دعائیں کی گئیں۔

فوٹو: اے ایف پی

کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس میں پی اے ایف اصغرخان اکیڈمی کےکیڈیٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، 55 کیڈیٹس پر مشتمل دستےمیں 5 خواتین کیڈیٹس بھی شامل ہیں۔

گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی ائیرآفیسر کمانڈنگ اصغرخان اکیڈمی ائیروائس مارشل حامد رشید تھے۔

وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں دفاتر دن تین بجے کے بعد بند کردیے گئے، ملازمین نے یوم دفاع پاکستان منانے کے ساتھ ساتھ یوم یکجہتی کشمیر بھی منایا اور شہدا کے اہل خانہ کے گھر گئے اور شہدا کی یادگار پر حاضری دی۔

مظلوم کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلیے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ریلیاں نکالی گئیں اور سیمینار منعقد ہوئے۔