پاکستان سے جاکرکشمیر میں لڑنے والا دشمن ہو گا۔وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان سے  جاکرمقبوضہ کشمیر میں لڑنے والا پاکستان اور کشمیریوں دونوں کا دشمن ہوگا۔ اس سے بھارت کو موقع ملے گا، وہ کہے گا پاکستان سے دہشت گرد داخل ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان نے طورخم بارڈر پر نئے ٹرمینل کا افتتاح کر دیا اس موقع پرپریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ دعا ہے افغانستان میں امن قائم ہو، افغانستان میں امن سے خطہ ترقی کرے گا، امن سے پشاور تجارت کا حب بن جائےگا، طورخم بارڈر سسٹم سے وسطی ایشیائی ریاستوں کو بھی فائدہ ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس وقت بھارتی حکومت پر شدید دبائوَ ہے، پاکستان سے بھارت جاکرلڑنے والا پاکستان اور کشمیریوں دونوں کا دشمن ہوگا کیونکہ بھارتی حکومت کو مقبوضہ کشمیر میں صرف بہانہ چاہیے، بھارتی حکومت پہلے ہی کہہ رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پاکستان دہشت گردی کررہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کا مسئلہ ہے کہ اس پر قبضہ ہوگیا ہے، بھارت کی بدقسمتی ہے کہ انتہاسند ہندوؤں نے قبضہ کرلیا ہے۔ آر ایس ایس کی پالیسی پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف ہے۔ موجودہ صورتحال میں مودی سرکار کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے جس ملک میں اپوزیشن کا نظریہ نہ ہو اس ملک میں جمہوریت صحیح معنوں میں نہیں چلتی، اپوزیشن کا ایک نکاتی ایجنڈا ہے کہ انہیں این آراو دیا جائے، پہلے دن سے اپوزیشن نے مجھے پارلیمنٹ میں تقریرکرنے نہیں دی۔ جو مرضی ہوجائے ہم انہیں این آر او نہیں دیں گے کیونکہ ان کی لوٹ مار کی وجہ سے آج ملک میں مہنگائی ہے، روپے کی قدر میں اضافہ ہوا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں کے باعث ملک خسارے میں ہے، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں خوب لوٹ مار کی، دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کے خلاف کیس بنائے، منی لانڈرنگ کرنے والوں اور پیسے بنانے والوں کا احتساب نہیں کریں گے تو ملک نہیں چلے گا، ہم نے حکومت میں آکر اداروں کو آزاد کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس سرحد کے کھلنے سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوجائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سرحد کے 24 گھنٹے کھلنے کی وجہ سے یہ علاقہ تبدیل ہوجائے گا۔وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے وسطیٰ ایشیائی ممالک کے دورے کے دوران یہ دیکھا کہ ان میں کسے کئی ممالک پاکستان کے ساتھ تجارت کے خواہشمند ہیں۔

گھوٹکی میں پیش آنے والے واقعے پروزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سب شہریوں کے حقوق برابر ہیں، گھوٹکی واقعات دورہ امریکہ کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہیں۔

تبصرے بند ہیں.