اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو میزائل سے تباہ کرنے والے 2بھارتی افسران کا کورٹ مارشل

27 فروری کو اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو میزائل سے تباہ کرنے والے بھارتی فضائیہ کے 2 افسران کو کورٹ مارشل کا سامنا کرنا ہوگا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال 27 فروری کو میزائل حملے میں اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنانے پر بھارتی فضائیہ کے ایک گروپ کیپٹن اورایک ونگ کمانڈر کورٹ مارشل کا سامنا کریں گے۔

واقعے میں ملوث دیگر 4 افسران کے خلاف بھی انضباطی کارروائی کی جائے گی ، ان افسران میں دو ائیر کموڈرو اور دو فلائٹ لیفٹیننٹ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال 27 فروری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فضائیہ کے افسران نے اپنے ہی روسی ساختہ ہیلی کاپٹر(MI-17)کو میزائل سے نشانہ بنا ڈالا تھا جس میں 6 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

اس وقت بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں کو لے کر جانے والا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر ضلع بڈگام کے علاقے جیرنڈ کلاں میں تکنیکی خامیوں کے باعث گر کر تباہ ہوا ہے۔

بھارتی فوجی ہیلی کاپٹرگرنے کے مقام پر سیکڑوں کشمیری جمع ہوگئے تھے اورانہوں نے قابض بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں ’جیوے جیوے پاکستان‘ اور’آزادی‘ کے نعرے لگائے تھے۔

بعد ازاں تحقیقات کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ بھارتی فضائیہ نے پاک فضائیہ کے خوف میں اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو میزائل مار کر تباہ کردیا۔گذشتہ دنوں بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو میزائل سے نشانہ بنانے کا اعتراف کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا تھا۔

بھارتی ائیرچیف راکیش کمارنے 27 فروری کو پیش آنے والے واقعے سے متعلق اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کو اپنے ہی میزائل سے نشانہ بنانا ایک بڑی غلطی تھی۔

تبصرے بند ہیں.