افغانستان۔مسجد میں دو بم دھماکے۔62نمازی شہید

افغانستان میں  نماز جمعہ کے دوران مسجد میں یکے بعد دیگرے دوبم دھماکوں میں62 نمازی شہید اور50 زخمی  ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہار کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران اچانک زورداربم دھماکے ہوئے جسے سے مسجد کے شیشے ٹوٹ گئے اورعمارت کو شدید نقصان پہنچا۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے شہید اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 62 نمازیوں کی شہادت کی تصدیق کردی گئی ہے جب کہ 50 زخمی ہیں جن میں سے 9 کی حالت نازک ہے۔

ننگرہار پولیس چیف کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں تاہم حملے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا جاسکا ۔ طالبان سمیت کسی بھی شدت پسند تنظیم نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

واضح رہے کہ افغان طالبان اورامریکا کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات کو صدر ٹرمپ نے آخری مراحل میں اچانک ختم کردیا تھا جس کے بعد سے افغانستان میں حملوں میں شدت آئی ہے جب کہ تاحال صدارتی الیکشن کے نتائج کا بھی اعلان نہیں کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.