اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔فائل فوٹو
اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔فائل فوٹو

نوازشریف کل صبح لاہورسے لندن روانہ ہوں گے

سابق وزیراعظم نوازشریف علاج معالجے کے لیے کل لاہور سے لندن روانہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ای سی ایل سے نام نکالنے کا فیصلہ کیے جانے کے بعد سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیرون ملک روانگی پکی ہوگئی ہے، نوازشریف کل صبح 9 بجے لاہورسے لندن روانہ ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں شہبازشریف، جنید صفدر، ڈاکٹر عدنان سمیت شریف فیملی کے دیگرافراد بھی نوازشریف کے ہمراہ لندن جائیں گے البتہ مریم نواز قانونی پابندیوں کے سبب ساتھ نہیں جائیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ وزارت داخلہ نے نیب کو بھیج دیا ہے اور امکان یہی ہے کہ نوازشریف کو صرف ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے گی۔

نوازشریف کی ناسازی طبیعت کے باعث غیرملکی ایئرلائن کی ایئرایمبولینس بک کرائے جانے پرغورکیا جارہا ہے۔ (ن) لیگی ذرائع کے مطابق نوازشریف کےعلاج کے لئے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے لندن میں انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

نواز شریف کے معالج ڈاکٹرعدنان نے بھی بیرون ملک علاج کے لیے جانے کا مشورہ دیا اورشریف خاندان کوبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی طبیعت سے متعلق رپورٹس ٹھیک نہیں۔

والدہ شمیم اختر نے نوازشریف سے کہا کہ بیرون ملک علاج کرایا جائے جب کہ شہبازشریف نے کہا کہ آپ کی صحت کے حوالے سے بہت فکرمند ہیں،علاج کرانا بہت ضروری ہے۔