شامی شہرالباب میں کاربم دھماکا۔18افرادہلاک

ترکی کے زیر انتظام شامی شہرالباب میں ہونے والے کار بم حملے میں 18افراد ہلاک اور33 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق شمالی شام کے پر رونق بازار میں ہونے والے زوردار دھماکے میں18افراد ہلاک اور33 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں ترکی کی حمایت یافتہ عسکری جتھے کے جنگجو بھی شامل ہیں۔

دھماکا خیزمواد سے بھری ایک کار کو مارکیٹ کے قریب بس اسٹینڈ پرکھڑا کیا گیا تھا اورریموٹ کنٹرول کے ذریعے کارکو دھماکے سے اُڑادیا گیا۔اس علاقے میں کئی عرصے سے کرد جنگجوؤں کی کارروائیاں جاری ہیں تاہم کسی شدت پسند گروہ کی جانب سے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی گئی ۔

قبل ازیں ترک فوج کی راس الخیمہ اور تل ابیض میں کارروائی کے جواب میں کرد جنگجوؤں نے گوریلا وارکی دھمکی دی تھی۔ کرد جنگجوؤں نے ترک فوج اور ترکی کی حمایت یافتہ جنگجوؤں پرحملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ادھر11 اکتوبر کو ایک حملے میں زخمی ہونے والے ترک فوج کے اہلکارنے آج اسپتال میں دم توڑ دیا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں شمالی شام کے شہرتل ابیض میں ترک حکومت کی حمایت یافتہ گروہ کے زیرانتظام علاقے میں واقع ایک پرہجوم مارکیٹ میں بھی کار بم دھماکا کیا گیا تھا جس میں 13 شہری ہلاک اور23 زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.