این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنزپر ووٹنگ آج ہو گی

قومی اسمبلی کی نشست این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنزپر17 نومبرکو ہونے والے انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے۔

بلوچستان کے علاقہ ڈیرہ بگٹی کی نشست این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز میں 115 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ 29 پولنگ اسٹیشنزپر47 ہزار269 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ جن میں 27 ہزار 899 خواتین اور19 ہزار370 مرد ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔

پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ 18 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔پولنگ کا عملہ اورانتخابی سامان متعلقہ پولنگ اسٹیشنزپرپہنچا دیا گیا ہے۔

اس سے قبل 15 جولائی کو این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ ہونی تھی جسے شاہ زین بگٹی کی درخواست پر رکوا دیا گیا تھا۔

یاد رہے الیکشن کمیشن نے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی 2018 کے انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست پرکامیابی کا نوٹیفیکیشن 2 جولائی کو واپس لے لیا تھا۔الیکشن کمیشن نے این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنوں پردوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ طارق محمد کیتھران نے شاہ زین بگٹی کی کامیابی کو سپریم کورٹ میں بھی چیلنج کیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.