بابری مسجد کیس۔مسلم پرسنل لا بورڈ کا نظرثانی اپیل دائر کرنے کا اعلان

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ  بابری مسجد کیس میں بھارتی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی اپیل دائر کریں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اے آئی ایم پی ایل بی کے سیکریٹری ظفریاب جیلانی نے لکھنو میں بورڈ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ مسجد کی زمین اللہ کی ہے اور شریعت کے مطابق یہ زمین کسی کو نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے بتایا کہ بورڈ نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ مسجد کے لیے ایودھیا میں 5 ایکڑ زمین لینے کے مخالف ہے اور بورڈ کا خیال ہے کہ مسجد کا کوئی متبادل نہیں ہو سکتا۔

ظفریاب جیلانی نے کہا کہ ’23 دسمبر 1949 کی رات کو بابری مسجد کے اندر رام کا مجسمہ نصب کرنا غیر آئینی تھا تو سپریم کورٹ اسے کیسے اَرادھیا (عبادت کے قابل) کے قابل قرار دے سکتی ہے، بتوں کو تو ہندو مذہب کے مطابق بھی اَرادھیا قرار نہیں دیا جاسکتا۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں مسجد کے لیے 5 ایکڑ متبادل زمین نہ ہی برابری قائم کر سکتی ہے اور نہ ہی نقصان کا ازالہ کر سکتی ہے اس لیے ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔

بورڈ کے مطابق سنی وقف بورڈ کو برادری کے بڑے حصے کے نقطہ نظر کا احترام کرنا چاہیے۔قبل ازیں جمعیت علمائے ہند نے سپریم کورٹ کے بابری مسجد کیس کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

جمعیت علمائے ہند کے سربراہ مولانا ارشد مدنی کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ وکلا اور ماہرین سے طویل مشاورت کے بعد کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.