ایڈیلیڈ ٹیسٹ۔پاکستانی بیٹسمین آسٹریلوی بولر کے خوف سے ہی آئوٹ

ایڈیلیڈ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 589 رنزکے جواب میں صرف 96 رنز بنائے ہیں اوراس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 3 رنزپر پاکستان کی پہلی وکٹ گرگئی، امام الحق 2 رنز بناکر مچل اسٹارک کا شکار بنے، کپتان اظہرعلی بھی شان مسعد کا زیادہ دیر تک ساتھ نہ دے سکے اور9 رنز بنانے کے بعد پیٹ کمنز کا شکار بنے۔

22 رنزکے مجموعی اسکور پر بابر اعظم کریز پراترے۔ 38 رنز کے جواب میں شان مسعود کی مزاحمت بھی دم توڑ گئی، وہ 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس وقت بابراعظم اور یاسر شاہ کریز پرموجود ہیں۔ پاکستان کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کی سبقت ختم کرنے کے لیے مزید 493 رنز درکار ہیں۔

اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو کینگروز کا مجموعی اسکورایک وکٹ کے نقصان پر302 رنز تھا، ڈیوڈ وارنر 166 جب کہ مارنس لبوشین 126 رنز پر کریز پر موجود تھے۔ مارنس لبوشین انفرادی اسکور میں صرف 2 رنز کے اضافے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

ڈیوڈ وارنر نے اسٹیون اسمتھ کے ہمراہ اسکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ تیسری وکٹ کی شراکت کے دوران ہی وارنر نے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔ 490 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو تیسری وکٹ ملی، شاہین کا تیسرا شکار اسٹیون اسمتھ بنے جنھوں نے 36 رنز بنائے۔

میتھیو ویڈ کے ہمراہ آسٹریلوی اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے ٹرپل سنچری مکمل کی۔ آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 589 بناے کے بعد اننگز ڈکلیئر کردی۔ ڈویڈ وارنر 335 جب کہ میتھیو ویڈ 36 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر شاہین شاہ آفریدی رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.