ن لیگ کی جانب سے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔فائل فوٹو
ن لیگ کی جانب سے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔فائل فوٹو

وزیراعظم اپنےمداریوں سے پوچھیں ثبوت کہاں ہیں۔مریم اورنگزیب

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت کی جانب سے شریف خاندان پرعائد کرپشن کے الزامات کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے وزیراعظم اوران کی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں 40 چوراورجھوٹے ملک پرمسلط ہیں جو مایوسی اورفرسٹریشن کا شکار ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنے جھوٹے مداریوں سے پوچھیں کہ شہباز شریف کے خلاف ثبوت عدالت میں پیش کیوں نہیں کیے۔؟ عوام کو ثبوت دیں کہ نواز، شہباز شریف اورشریف خاندان نے کس منصوبے سے کرپشن کا پیسہ بنایا؟

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ یہ شریف خاندان کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے اور حکومت کا ن لیگ اور شریف خاندان کے خلاف کرپشن کا جھوٹا بیانیہ نیست و نابود ہو چکا ہے۔

وزیراعظم پر شدید تنقید کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی مایوسی اور بوکھلاہٹ اس لیے ہے کیونکہ عوام اورعدالتوں میں وہ جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں، اب انہیں کٹھ پتلیوں سے تماشا رچانے کی بجائے پاکستان یا دنیا کی کسی بھی عدالت میں اپنے جھوٹ ثابت کرنا چاہئیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا اپنی ناکامی اورنااہلی سے توجہ ہٹانے کا سلسلہ پاناما جے آئی ٹی سے جاری ہے جبکہ ان کے جھوٹے الزامات کا پول بھی سپریم کورٹ، ہائیکورٹ، نیب عدالت اور جج ارشد ملک کی ویڈیو میں کھل چکا ہے۔

بعدازاں لیگی ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم عوام کو بتائیں کہ 15 ماہ میں لوٹی ہوئی کتنی رقم واپس آئی ہے۔