قائدین کی کال پر احتجاج کے لیے نکلے ہیں۔فائل فوٹو
قائدین کی کال پر احتجاج کے لیے نکلے ہیں۔فائل فوٹو

مہنگائی کے خلاف نون لیگ کا ملک گیراحتجاج

مہنگائی، بجلی اور گیس کی قیمتوں کے خلاف نون لیگ کا ملک گیراحتجاج، مختلف شہروں میں پریس کلب کے باہر مظاہرے کیے گئے، لیگی رہنمااحسن اقبال کہتے ہیں حکومت کی معاشی پالیسیوں نے غریب کی زندگی اجیرن کر دی۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے مہنگائی کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا، کارکنان نے پریس کلبوں کے باہر مظاہرے کیے۔ لیگی کارکنان نے مطالباتی بینرز اٹھا رکھے ہیں جن میں مہنگائی کو کنٹرول کرنا حکومت کی ذمےداری ہے جیسے نعرے تحریر تھے۔مظاہرین نے حکومت کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔

شرکا کا کہنا تھا کہ وہ لیگی قائدین کی کال پر احتجاج کے لیے نکلے ہیں،حکومت آئے روز مہنگائی کے بم گرا رہی ہے،غریب عوام کا جینا محال ہو گیا ہے لوگ خو کشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب لندن نون لیگ کی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنا رہا، اہم اجلاس میں ان ہاؤس تبدیلی کیلیے رابطے تیز کرنے اورآرمی ایکٹ میں تبدیلی پر سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کرنے پر اتفاق کیا گیا، نوازشریف نے لیگی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاج مکمل ہوتے ہی پاکستان جاؤں گا۔