روسی ڈوپنگ ایجنسی ’روساڈا‘ 21 روز کے اندر فیصلے کیخلاف اپیل کر سکتی ہے۔فائل فوٹو
روسی ڈوپنگ ایجنسی ’روساڈا‘ 21 روز کے اندر فیصلے کیخلاف اپیل کر سکتی ہے۔فائل فوٹو

روس پر تمام کھیلوں میں شرکت پر4 سال کی پابندی

انسداد منشیات کی عالمی تنظیم (واڈا) نے روس پر تمام کھیلوں میں شرکت پر4 سال کی پابندی عائد کردی ہے جس کے تحت وہ کسی بھی طرح کے کھیلوں میں حصہ نہیں لے سکے گا۔

واڈا کی جانب سے عائد ہونے والی پابندی کے باعث روس ناصرف اولمپکس گیمز میں شرکت سے محروم ہو گیا ہے بلکہ فٹ بال ورلڈکپ 2022ءمیں بھی اس کا جھنڈا نہیں لہرائے گا۔ ممنوعہ ادویات کے استعمال سے روس گزشتہ اولمپکس مقابلوں میں بھی شرکت نہیں کر سکا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے ایسے ایتھلیٹس جو ڈوپنگ اسکینڈل سے دور رہے، اپنی بے گناہی ثابت کرکے نیوٹرل جھنڈے کے سائے تلے اولمپکس میں حصہ لے سکیں گے۔

روس کی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (روساڈا) نے رواں سال جنوری میں ڈوپنگ کے معاملات کی تحقیقات کرنے والوں کو فراہم کئے جانے والے ڈیٹا میں چھیڑ چھاڑ کی تھی جس پر ایجنسی کو بھی غیرذمے دار قرار دیا گیا تھا۔

سال 2018ءمیں سامنے والے آنے والے ایک بڑے ڈوپنگ اسکینڈل کے بعد ناصرف 3 سال کی پابندی عائد کی گئی بلکہ انسداد منشیات کی عالمی تنظیم نے روساڈا سے ڈیٹا بھی طلب کیا تھا۔

انسداد منشیات کی عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ روسی ڈوپنگ ایجنسی ’روساڈا‘ 21 روز کے اندر فیصلے کیخلاف اپیل کر سکتی ہے اوراگر ایسا ہوا تو پھران کی اپیل کو کھیلوں کی ثالثی عدالت میں بھیج دیا جائے گا۔