لیاقت آباد میں ہندو برادری کے100سے زائد جھوپڑے جل گئے

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے باگڑیوں کی کچی آبادی میں آگ لگنے سے 100 سے زائد جھوپڑے جل گئے۔

پولیس کے مطابق آبادی کے ڈھائی سو سے زائد مکینوں کو محفوظ کرلیا گیا جبکہ فائر بریگیڈ کے مطابق لیاقت آباد میں تین ہٹی کے قریب لیاری ایکسپریس وی کے فلائی اوور کے نیچے ندی کنارے ہندو باگڑیوں کی کچی آبادی میں رات ساڑھے 10 بجے آگ لگی ۔

پولیس کے مطابق آبادی کے ساتھ ہی مرکزی شاہراہ پر پولیس چیکنگ میں مصروف تھی کہ آگ کے شعلے دیکھ کر پولیس اہلکار فوری طورپرموقع پر پہنچ گئے اوراس دوران فائربریگیڈ کو بھی آگ بجھانے کے لیے طلب کرلیا۔

فائر بریگیڈ کے عملے کے پہنچنے اور رات سوا 11 بجے تک آگ بجھانے کی کوششوں تک کچی آبادی کی لگ بھگ ایک سو جھونپڑے جل کر خاکستر ہوگئے تھے تاہم فائرفائٹرزنے 4 سے زائد گاڑیوں کی مدد سے رات گئے تک آگ مکمل طور پر بجھادی۔

فائر بریگیڈ کے مطابق آگ بجھانے کےلئے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی تھی جس پر واٹر بورڈ حکام سے رابطہ کیا گیا۔ ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان کی ہدایت پر واٹر بورڈ کے ٹینکرزکے ذریعے پانی کی کمی پوری کی گئی۔لیاقت آباد تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر لیاقت حیات خان کے مطابق آتشزدگی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے بروقت پہنچ کر پوری آبادی کو خالی کرا لیا تھا اورعلاقہ مکینوں کی مدد سے آبادی کے بیشتر مکینوں کا سامان بھی بچا لیا تاہم بیشتر جھونپڑوں کا سامان بھی مکمل طور پرجل گیا۔فائر برگیڈ کے مطابق آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی پولیس اس سلسلے میں تحقیقات کر رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.