کراچی میں کہیں تیز اور کہیں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔فائل فوٹو
کراچی میں کہیں تیز اور کہیں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔فائل فوٹو

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش۔موسم خوشگوار

کراچی میں علی الصبح مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، جس کے بعد موسم  خوشگوار ہوگیا۔

شہر میں گلشن اقبال، نارتھ کراچی، اورنگی، منگھوپیر، ملیر،کورنگی، شاہ فیصل، گلستان جوہر، نارتھ ناظم آباد اوراطراف کے علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔

 نجی ٹی وی کے مطابق شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا اوراسی کے ساتھ مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے۔ نارتھ کراچی، بفرزون، گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد سائٹ ایریا،اورنگی ٹاؤن، قصبہ، منگھوپیر، ڈیفنس،کورنگی، قیوم آباد، محمود آباد، منظور کالونی، قائد آباد، لانڈھی، کورنگی، ملیر، گلشن حدید اوراطراف کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی جس سے موسم مزید سرد ہوگیا۔

دوسری جانب چھیپا ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سپر ہائی پرغوثیہ شنواری ہوٹل کے قریب کرنٹ لگنے سے 50 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا۔ بارش کے بعد کئی علاقوں میں بجلی کے ساتھ کے الیکٹرک کا عملہ بھی غائب ہوگیا اورترجمان کے الیکٹرک نے روایتی بیان جاری کرکے ذمے داری پوری کرلی۔

ترجمان کے الیکٹرک نے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول ہرگزنہ کریں، ٹوٹے ہوئے تاروں بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹی سے دور رہیں، بارش میں بچوں کا خاص خیال رکھیں اوراحتیاط برتیں، برقی آلات ننگے پائوں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ نہ چھوئیں، بارش اور کھڑے پانی میں پانی کی موٹرجیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔