بھارت نے مطلوبہ ہدف بآسانی حاصل کرلیا۔فائل فوٹو
بھارت نے مطلوبہ ہدف بآسانی حاصل کرلیا۔فائل فوٹو

انڈر19 ورلڈکپ۔ بھارت پاکستان کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا

انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ کے سیمی فائنل بھارت نے پاکستان کو چاروں شانے چت کردیا،قومی ٹیم کی پہلے بیٹنگ لڑکھڑائی، پھربولربھی دغا دے گئے اورکوئی خاص کارکردگی نہ دکھا نہ سکے،بھارت نے مطلوبہ ہدف بآسانی حاصل کرلیا۔

انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 173 رنزکا ہدف  دیاتھا۔بھارت نے 10وکٹوں سے پاکستان کو شکست دیدی اورمطلوبہ ہدف36 اوورز میں حاصل کرلیا۔

بھارت کی جانب سے اوپنرجیسوال105اورسکسینا59رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے،دوسرا سیمی فائنل6 فروری کو بنگلادیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلے سیمی فائنل میچ کے دوران قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، گرین شرٹس کی طرف سے حیدرعلی اور محمد ہریرہ نے اننگز کا آغاز کیا، کوارٹر فائنل میچ میں شاندار بیٹنگ کرنے والے محمد ہریرہ اس بار بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 4 رنز بنا کر مشرا کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

ون ڈاؤن آنے والے بیٹسمین فہد منیر صفرپرراوی بشنوئی کا شکار بن گئے، اس کے بعد کپتان روحیل نذیر اور اوپنر حیدر علی نے اسکورکوآگے بڑھایا، دونوں کے درمیان 62 رنز کی پارٹنر شپ بنی، تاہم اوپنر حیدرعلی 77 گیندوں پر 56 رنز بنا کر جیسوال کی گیند پر بشنوئی کو کیچ دے بیٹھے۔

118 کے مجموعی اسکورپر قاسم اکرم 9 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے، اس دوران محمد حارث نے کپتان کے ساتھ مل کرجارحانہ اننگز کھیلنے کی کوشش کی تاہم 156 رنز پر محمد حارث 15 گیندوں پر21 رنز بنا کرانکولکرکو وکٹ دے بیٹھے۔

اس کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے رہے، کپتان روحیل نذیرنے 102 گیندوں پر62 رنزکی مزاحمتی اننگزکھیلی، گرین شرٹس 43.1 اوورز میں 172 رنز بنا کر ڈھیرہو گئی۔ روایتی حریف بھارت کی طرف سے مشرا نے3، تائیگی، بشنوئی نے 2.2 شکار کیے۔