چوہدری شوگر ملز کیس۔نواز شریف کی حاضری سے معافی کی درخواست منظور

احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں ان کی حاضری سے معافی کی درخواست منظورکرلی۔

احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان نے چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت کی۔ جیل حکام نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس کو عدالت میں پیش کیا۔ دوران سماعت عدالتی حکم پر نواز شریف کے وکیل نے ان کی تازہ میڈیکل رپورٹس عدالت میں جمع کرائیں۔

وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف کی صحت تاحال خراب ہے لہذا عدالت ان کی حاضری سے معافی کی درخواست منظور کرے۔

احتساب عدالت میں شریف خاندان کے کیسز کی سماعت کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف آنے والے راستوں کو خاردار تاریں اور کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس کا میڈیکل سرٹیفکٹ عدالت میں جمع کرایا ہے، نواز شریف ایک کلینکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں جو فروری کے آخری ہفتے میں نواز شریف کے مختلف چیک اپ کرے گی، اس وجہ سے نواز شریف ابھی پاکستان کے لیے سفرنہیں کرسکتے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.