عالمی برادری بھارت کی صورتحال پرایکشن لے۔وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں جاری مسلم کش فسادات پراپنے رد عمل میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیرابتدا تھی اوراب بھارت کے 20 کروڑ مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ ایک ارب سے زائد آبادی والے ایٹمی ہتھیارسے لیس ملک بھارت میں نازی فلسفے سے متاثر ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس نے اقتدار سنبھال لیا ہے اورجب بھی نفرت پرمبنی نسل پرستانہ نظریہ اقتدار سنبھالتا ہے تو وہ ملک میں خونریزی کا باعث بنتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں نے گزشتہ برس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران یہ پیش گوئی کردی تھی کہ ایک بار یہ جن بوتل سے باہر آگیا تو خون خرابہ اوربڑھ جائے گا۔ مقبوضہ کشمیرمیں شروعات تھی۔ اب ہندوستان میں 20 کروڑ مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ عالمی برادری کواب عمل کرنا چاہیے،عالمی برادری بھارت کی صورتحال پر لازمی ایکشن لے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وہ بتادینا چاہتے ہیں کہ ہماری اقلیتیں اس ملک کے برابر کے شہری ہیں۔ پاکستان میں غیر مسلم شہریوں یا ان کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے والوں کے ساتھ  سختی سے نمٹا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.