شیرنی میں یہ وائرس ایک ملازم سے گزشتہ ماہ منتقل ہوا تھا۔فائل فوٹو
شیرنی میں یہ وائرس ایک ملازم سے گزشتہ ماہ منتقل ہوا تھا۔فائل فوٹو

کرونا وائرس نے شیروں کا شکارکرنا بھی شروع کردیا

انسانوں کے بعد کرونا وائرس نے شیروں کا شکارکرنا بھی شروع کردیا۔

نیویارک کے ’’برونکس چڑیا گھر‘‘ میں چار سالہ شیرنی ’’نادیہ‘‘ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ اسے ’’ملایا‘‘ کے علاقے سے امریکا درآمد کیا گیا تھا۔

اس شیرنی میں ناول کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی بیماری ’’کووِڈ 19‘‘ کی علامات دیکھتے ہوئے اس کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا ہے۔

چڑیا گھر حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر شیرنی میں یہ وائرس وہاں کام کرنے والے ایک ملازم سے گزشتہ ماہ منتقل ہوا تھا جس کے جسم میں ناول کرونا وائرس ضرور موجود تھا لیکن علامات ظاہر نہیں تھیں۔ برونکس چڑیا گھر نے اس ملازم کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

نادیہ کے علاوہ اس کی ایک بہن ’’ازُول‘‘ بھی کرونا وائرس سے متاثر ہے جبکہ اسی چڑیا گھر میں رکھے گئے دو مزید سائبیرین شیر (سائبیرین ٹائیگرز) اور تین عدد افریقی ببر شیروں میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی ظاہری علامات موجود ہیں۔ تاہم ابھی صرف ’’نادیہ‘‘ کا ٹیسٹ ہی کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے ہانگ کانگ میں ایک پالتو کتے، اور بیلجیئم میں ایک پالتو بلی میں کورونا وائرس کا انکشاف ہوچکا ہے لیکن دونوں میں اس وائرس سے متاثر ہونے کی نمایاں علامات موجود نہیں تھیں۔