دوستوں نے مشورہ دیا کہ شادی ملتوی نہ کرو۔فائل فوٹو
دوستوں نے مشورہ دیا کہ شادی ملتوی نہ کرو۔فائل فوٹو

لاک ڈائون کے دوران دلہا سائیکل پردلہنیا لے آیا

کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں شادی بیاہ کی تقریبات سمیت تمام عوامی اجتماعات پر بھی پابندی عائد ہے جس کہ وجہ سے لوگوں کو بے شمار مشکلات کا سامنا ہے۔

لاک ڈاؤن میں شادی بیاہ کی تقریبات کرنے پر دُلہے کو گرفتارکرنے کے بھی بے شمار واقعات سامنے آ چکے ہیں۔

اب حال ہی میں بھارت میں انوکھا ہی واقعہ سامنے آیا ہے جہاں دُلہا نے لاک ڈاؤن کے باعث اپنی شادی کے لیے سائیکل پر100کلومیٹر کا طویل سفر طے کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع ہمیرپور کے گاؤں پاؤتھیا میں رہائش پزیر کلکو نامی دُلہا نے لاک ڈؤان کے باوجود بھی اپنی شادی کی خاطر سائیکل پر100 کلو میٹر کا سفر طے کیا اور ضلع ماہوبا کے گاؤں پونیا میں شادی کر کے اپنی دلہن کو سائیکل پر بٹھا کر گھرلے آیا۔

 دُلہے کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پولیس نے باراتیوں کو ساتھ لے جانے پر منع کیا تھا اورمیرے دوستوں نے مجھے مشورہ دیا کہ اپنی شادی ملتوی نہیں کرو اوراکیلے جا کر شادی کرآؤ۔

دُلہے نے سائیکل پر100 کلومیٹر کا سفر طے کرنے کے بعد بابا دھنی داس آشرم میں شادی کی اور پھر وہ اپنی اہلیہ کو سائیکل پرلے کر اپنے گاؤں پاؤتھیا روانہ ہوگیا۔

دُلہے کا کہنا تھا کہ میں اپنی شادی کویادگار بنانا چاہتا تھا مگر میں نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ میری شادی ایسے حالات میں ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں جسمانی طور پر تو بے حد تھکاوٹ محسوس کر رہا ہوں مگر میں بہت خوش بھی ہوں کیوں کہ میں اپنی دلہن کو گھر لے آیا ہوں۔