کورونا وائرس سینٹرل جیل کراچی پہنچ گیا

تمام تر حفاظتی اقدامات کے باوجود کورونا وائرس سینٹرل جیل کراچی پہنچ گیا اور پہلی مرتبہ جیل میں بھی کیسز رپورٹ ہونا شروع ہو گئے، اب تک 40 قیدیوں اور عملے کے 3 ارکان کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق کورونا وائرس سینٹرل جیل پہنچ گیا اور اتنے عرصے میں پہلی مرتبہ جیل سے بھی کیسز رپورٹ ہونا شروع ہوگئے ہیں،ذرائع نے بتایا کہ سزا یافتہ قیدیوں کی بیرک میں ایک قیدی کو دو دن قبل علامات ظاہر ہوئی تھیں جس پر فوری طور پراس قیدی کا ٹیسٹ کیا گیا تو اس کی رپورٹ مثبت آگئی جس کے فوری بعد جیل انتظامیہ متحرک ہوگئی۔

مذکورہ بیرک کے تمام قیدیوں کو آئسولیٹ کرکے ان کے ٹیسٹ کیے گئے،ہفتہ کو ان تمام ٹیسٹ کی رپورٹ موصول ہوئیں تو کچھ قیدیوں کی رپورٹس مثبت آئیں، اس کے ساتھ ساتھ مذکورہ بیرک پر تعینات اہلکاروں کے بھی ٹیسٹ کیے گئے تو ان میں بھی کورونا وائرس پایا گیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر40 قیدیوں جبکہ جیل کے 3 اہلکاروں میں ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آچکی،ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ صورتحال کے بعد ہفتہ کو 400 قیدیوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن کی رپورٹس آج  موصول ہونے کا امکان ہے۔

جیل میں وائرس کے بعد سینئر سپرنٹنڈنٹ محمد حسن سہتو سمیت دیگر افسران کے بھی ٹیسٹ کیے گئے جن کی رپورٹس نیگیٹو آئی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.