سندھ بھر میں آج لاک ڈاؤن نہیں ہوگا

 سندھ بھر میں آج مکمل لاک ڈاؤن نہیں ہوگا جبکہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے بعد محکمہ داخلہ سندھ نے بھی جمعتہ الوداع اور نمازعید سے متعلق ہدایت نامہ جاری کردیا۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنرز،ڈپٹی کمشنرزکوارسال کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ نمازعید کے اجتماعات کے لیے 20نکاتی ایس او پیز پرعمل کرایا جائے نمازعید کے لیئے مقررہ مقامات کی عید سے تین چار روز قبل نشاندہی کی جائے اوراس کی میڈیا کے ذریعے تشہیر بھی کی جائے۔

نوٹفیکشن میں کہا گیا ہے کہ جمعتہ الوداع اور نماز عید کے اجتماعات کھلے مقامات پر منعقد کیے جائیں۔ نمازیوں کی تعداد زیادہ ہونے کی صورت میں ایک مقام پرایک سے زائد مرتبہ عید کی نماز ادا کی جائے۔

محکمہ داخلہ سندھ نے رمضان المبارک کے آخری ایام میں فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ جمعتہ الوداع،نمازعید کے اجتماعات کے مقامات پر اضافی سیکیورٹی کاانتظام کیاجائے۔اس کے علاوہ مارکیٹوں، بازاروں، بس اسٹینڈ، انٹرسٹی ہائی ویزاور قبرستانوں کے اطراف سیکیورٹی کو یقینی بنایاجائے۔ ایس اوپی پر عمل درآمد کے لیے علمائے کرام سے رابطہ کیا جائے۔

علاوہ ازیں سندھ کے تمام کمشنرز کو خصوصی اختیارات تفویض کردئیے گئے ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سندھ کو بھی خصوصی اختیارات دے دیے گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ کے ایک حکم نامے کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ،کمشنرز کو خصوصی اختیارات دفعہ 144کے تحت تفویض کیے گئے ہیں۔ دفعہ 144کے تحت کمشنرز اپنے ڈویژن کی حدود میں اختیارات استعمال کرسکیں گے۔ خصوصی اختیارات کی منظوری سندھ کابینہ نے دی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.